آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس، مختلف قرار دادیں منظور کرلی گئیں
Share your love
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کی طرف سے پیش کردہ مختلف قراردادیں منظور کر لی گئیں۔اراکین نے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔
اجلاس کے دوران مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، حریت رہنما یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق ، مسرت عالم بٹ و دیگر کو بے بنیاد مقدمات میں پابند سلاسل رکھنے کی بھی مذمت کی گئی۔
اراکین اسمبلی کی جانب سے ان کشمیری رہنماؤں کی زندگیوں کو لاحق خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے افواج پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس میں 09 مئی حملوں کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور عملدرآمد کرنے والے ہر فرد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا اور افواج پاکستان اور پاکستان کے سکیورٹی اداروں اور ان کے اہل خانہ کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
قانون ساز اسمبلی اجلاس کے دوران اراکین نے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔