بابا گورو نانک جنم دن،بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری

نئی دہلی: نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ انڈیا سے تقریبا 3 ہزار سکھ یاتریوں کو 25 نومبر سے 4 دسمبر 2023ء تک پاکستان میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے ویزے جاری کئے گئے۔

اپنے دورے کے دوران سکھ یاتری ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب بھی جائیں گے۔

نئی دہلی کے ناظم الامور اعزاز خان نے سکھ یاتریوں کو بابا گرو نانک کے جنم دن کی مبارکباد دی اور ان کے محفوظ سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ویزوں کا اجراء 1974ء کے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پاکستان انڈیا پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔

خیال رہے انڈیا سے ہر سال سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کرتی ہے۔