برطانیہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے میں جلدی نہیں کرے گا، برطانوی وزیراعظم رشی سونک
Share your love
لندن: برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے واضح کیا ہےکہ برطانیہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے میں جلدی نہیں کرے گا۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ، تاہم بھارت پہنچنے سے قبل انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کی۔
برطانوی وزیر اعظم نےصحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کیلئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کریں گے، سال کے اختتام سے پہلے ایک معاہدہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی 20 اجلاس کے ایجنڈے میں برطانیہ اور بھارت کا معاہدہ شامل نہیں ہے۔
اسی حوالے سے برطانوی میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ 2021 میں یورپی یونین کے تجارتی نظام سے نکلنے کے بعد سے بھارت برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے والا اب تک کا سب سے بڑا ملک ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ بھارت تجارتی مذاکرات آخری، لیکن مشکل ترین مرحلے میں داخل ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت میں 2 روزہ جی 20 سربراہی اجلاس نئی دلی میں جاری ہے، اور دنیابھرسے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلسہ جاری ہے۔
جی-20 میں امریکہ، روس، چین، انڈیا، ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اندونیشیا، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، میکسیکو، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔
جی 20 سربراہی اجلاس میں غریب ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور غذائی تحفظ بڑھانے پر بات ہوگی۔
جی-20 کا سربراہی اجلاس سال میں ایک بار ہوتا ہے ، اس کی سربراہی باری باری سبھی رکن ممالک کے پاس آتی ہے، آئندہ اجلاس کی سربراہی برازیل کے پاس ہو گی۔