Enter your email address below and subscribe to our newsletter

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل مکمل ہونے پر تنائج کا سلسلہ جاری

Share your love

کراچی: کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد اب تنائج کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل ہوا، پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات کے لیے 434 امیدوار میدان میں ہیں، کراچی ڈویڑن کی 11 یو سی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار میدان میں ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کورنگی میں پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی پر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسر خدابخش نے امیدواروں کو نوٹس جاری کردیا۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے، 292 کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخابات میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے جبکہ کراچی کے 7 اضلاع میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 168 ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے اور 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد اور یو سی 13 نیو کراچی بھی شامل، ضلع کورنگی میں یو سی 2، یو سی 3 شاہ لطیف ٹاوٴن، یو سی 8 لانڈھی پر بھی انتخاب ہوا، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد میں پولنگ ہوئی، ضلع جنوبی میں یو سی 2 اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوئی۔

جیکب آباد، کشمور اور شکار پور میں 1،1 نشست پر انتخاب ہوا، گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں 2،2 نشستوں پر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار اور مٹیاری میں بھی 1،1 بلدیاتی نشست پر ضمنی انتخاب ہوا جب کہ حیدرآباد 10 اور نوشہروفیروز میں 3 نشستوں پر، جامشورو 1، دادو 3، بدین 2، سجاول 2 اور ٹھٹھہ میں 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا۔

کراچی میں کورنگی میں 5، ملیر 1 اور ضلع شرقی کراچی میں 6 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جنوبی میں 1، غربی 3، وسطی 3 اور ضلع کیماڑی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا۔

یاد رہے کہ مختلف کیٹگریز کی 27 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں، 3 بلدیاتی نشستوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!