کابینہ نےافغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کی اجازت سمیت ایچ ای سی ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی
Share your love
اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر افغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آبا دمیں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے معاہدے کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی ۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر افغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی۔
کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی۔
ترمیمی بل کی منظوری سے نہ صرف پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں عصرِ نو کے تقاضوں کے مطابق جدت آئے گی بلکہ کمیشن کے معاملات میں شفافیت پیدا ہوگی گی۔
کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی۔ جس کی منظوری کے بعد یونیورسٹی میں جدید اصلاحات کے ساتھ ساتھ تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔
کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈینیس 2002 میں بھی ترمیم کی اصولی منظوری دے دی۔
ان تینوں قوانین کا مسودہ سی سی ایل سی میں پیش کیا جائے گا.
وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے تحت دو قسم کے لائحہ عمل تشکیل دیئے گئے ہیں۔
قلیل المدتی پالیسی کے تحت اسلام آباد کے علاقوں بشمول مضافاتی علاقوں سے ویسٹ کللیکشن شروع کی جاچکی ہے۔ جبکہ طویل المدتی پالیسی کے تحت اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ٹینڈرز جاری کئے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں اسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلئے موجود انسنریٹرز کی تفصیلات طلب کرلیں.
وزیرِ اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان میں اسپتالوں کے مہلک و زہریلے فضلے کو تلف کرنے کیلئے اس حوالے سے تجربہ کار کمپنیوں کو علیحدہ سے ذمہ داری سونپنی جائے۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگولیرٹری بل 2023 کو سی سی ایل سی میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔ اس بل کے تحت سیکیورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلئے قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی تاہم ہدایت کی کہ وزارت تجارت کی مشاورت کے بعد قانون سازی کا مسودہ سی سی ایل سی بھجوایا جائے.