سعودی دعوت پرجنگ بندی مذاکرات، حوثی وفد ریاض روانہ
Share your love
ریاض: سعودی عرب کی دعوت پر جنگ بندی مذاکرات کیلئے یمن کی حوثی ملیشیا کا وفد صنعا سے دارالحکومت ریاض کیلئے روانہ ہو گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نےعمان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے فیصلوں پر عمل درآمد، عارضی جنگ بندی کو حتمی انجام تک پہنچانے اور سعودی یمن تنازعہ کا تمام یمنیوں کیلئے قابل قبول مستقل حل تلاش کرنے کیلئے حوثی وفد کو مذاکرات کیلئے دعوت دی تھی۔
اقوام متحدہ کی امن کوششوں کے متوازی عمان کی ثالثی میں الریاض اور حوثیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں ، اس سلسلے میں عمان کی ثالثی میں مشاورت کا پہلا دور اپریل میں منعقد ہوا تھااور تب سعودی سفیروں نے صنعاء کا دورہ کیا تھا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ 2014 کی یمنی خانہ جنگی کے بعد حوثی حکام پہلی مرتبہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یمن میں جاری مسلح تنازع میں لاکھوں افراد ہلاک اور بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ عرب دنیا کے اس غریب ترین ملک کی 80 فی صد آبادی کا انحصار بین الاقوامی انسانی امداد پر ہے۔