سری نگر میں جی 20 کانفرنس کے انعقاد پر مقبوضہ جموں کشمیر میں آج مکمل پہیہ جام شٹر ڈاوٴن ہڑتال،ریلیاں
Share your love
اسلام آباد/ سری نگر: سری نگر میں جی 20 کانفرنس کے انعقاد پر مقبوضہ جموں کشمیر میں آج مکمل پہیہ جام شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی جا رہی ہے۔حریت رہنما عبدالحمید لون کاکہناہے کہ جی 20 کے نام پر کشمیری عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا ہے عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ ترک کرکے کشمیری عوام کو آر ایس ایس کے چنگل سے آزاد کرے۔
بھارت کی جانب سے سری نگر میں جی 20 کانفرنس کے انعقاد پر آج مقبوضہ کشمیر میں پہیہ جام ہڑتال جاری ہے جبکہ آزادکشمیر بھرمیں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں
حریت رہنما عبدالحمید لون کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر فوجی چھاونی میں تبدیل کر دی گئی، سری نگر کے جھیل ڈل سے لیکر بازار، سڑکیں اور گلیاں بھارتی فوج کے قبضے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے گروپ 20 کا اجلاس کشمیر میں منعقد کروا رہا ہے، کشمیر میں نارملسی کے بھارتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ سری نگر ایئر پورٹ کے آس پاس کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی اور محاصرہ سے خوف و ہراس قائم ہے۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ جی 20 کے نام پر کشمیری عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو تسلیم کرے کونکہ ایک بین الاقوامی معاملہ ہے۔ کشمیری عوام کی زندگی، عزت و آبرو اور آزادی تعینات بھارتی قابض افواج کے رحم و کرم پر ہے۔ کشمیری نوجوان، خواتین اور بچے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بدترین ظلم و تشدد کا شکار ہیں۔
حریت رہنما نے کہا کہ چین، ترکی اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک کا کشمیر میں جی 20 کانفرنس میں شرکت نہ کرنا کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزائی ہے۔ عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ ترک کرکے کشمیری عوام کو آر ایس ایس کے چنگل سے آزاد کرے۔