پاکستان بھر میں 30 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق
Share your love
اسلام آباد: پاکستان بھر میں 30 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیو وائرس پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مختلف شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا، 30 میں سے 28 ماحولیاتی نمونے جنوری 2024 میں حاصل کیے گئے۔
بلوچستان میں پولیو وائرس کوئٹہ، خضدار، کیچ، نصیر آباد، پشین، چمن کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا جبکہ کراچی کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر، جامشورو میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ خیبر پختونخواہ میں پشاور جبکہ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ برس پاکستان بھر کے 126 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں برس جنوری کے مہینے میں اب تک 28 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔