سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کا آغاز ،پی ٹی آئی ،جے یو آئی کے وفود کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات
Share your love
اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف )کے وفود نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کا آغاز ہوگیا۔
پہلے دن پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام ف سے الیکشن کمیشن حکام کی ملاقات ہوئی۔سیاسی جماعتوں نے تجاویز بھی پیش کیں۔
ملاقات کے بعد پی ٹی آئی وفد کے ہمراہ گفتگو میں سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہم نے تین نکات پر بات کی ہے۔الیکشن کمیشن کو کہا ہے نوے روز میں انتخابات متعلق تعاون کیلئے تیار ہیں۔واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مردم شماری متعلق آئین میں ترمیم ضروری ہے جس کیلئے قومی اسمبلی موجود نہیں۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنا مؤقف دہرایا کہ ہم آئین کے دائرے میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ایسے الیکشن چاہتے ہیں جس پر پوری قوم متفق ہو۔
سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے سلسلے میں 25 اگست کو مسلم لیگ ن اور 29 اگست کو پیپلز پارٹی کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اس مشاورت کا مقصد آئندہ انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے تجاویز مانگنا ہے۔