بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کا کیس ، آئی جی پنجاب طلب
Share your love
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے علیمہ خان و عظمیٰ خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے کیس میں آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے علیمہ خان کے بیٹے شیراز خان کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز میں سرکاری وکیل نے کہا کہ ہمیں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت دی جائے، عدالت نے کہا کہ مہلت نہیں دی جا سکتی، آئی جی پنجاب عدالت پیش ہو کر تفصیلات سے آگاہ کریں۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو طلب کرتے ہوئے سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ علیمہ خان کے بیٹے شیراز خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد میں درج مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں، خدشہ ہے کہ ان کو نامعلوم مقدمے میں دوبارہ گرفتار کیا جائے گا، مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے۔