امریکا کی اسرائیل کو حماس رہنماؤں کی خفیہ معلومات دینے کی پیشکش کا انکشاف
Share your love
واشنگٹن: امریکا کی جانب سے اسرائیل کو حماس کے رہنماؤں کے حوالے سے خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کا انکشاف ہوا ہے۔
ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے رفح میں بڑے پیمانے پر آپریشن نہ کرنے کے بدلے اسرائیل کو غزہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کیلئے خفیہ معلومات اور حماس کی سرنگوں کے نیٹ ورک کی معلومات دینے کی پیشکش کی ہے۔
ادھر حماس کی جانب سے رفح میں اسرائیلی آپریشن اور فلسطینیوں کیخلاف انسانیت سوز جرائم کا مکمل ذمہ دار جوبائیڈن انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ امریکا صیہونی فسطائیت کے جرائم پر مسلسل پردے ڈال رہا ہے، اقوام متحدہ، عالمی برادری ڈرنا چھوڑے، غزہ میں حملے روکنے اور امداد فراہمی کیلئے اسرائیل پر دباؤ بڑھائے۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک حماس، اسرائیل کی جنگ میں فلسطینی علاقے میں کم از کم 34,971 شہری شہید ہو چکے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 28 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، حملوں میں اب تک 78641 افراد زخمی ہوئے ہیں۔