بھارت میں ڈاکٹروں نے70 سالہ بزرگ کے پتے سے6 ہزار سے زائد پتھر نکال لئے
Share your love
راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے کوٹا میں نجی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے 70 سالہ بزرگ کے پتے سے 6 ہزار 110 پتھر نکال لیے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق راجستھان کے ضلع بنڈی کے علاقے بادامپورہ سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ بزرگ کو گزشتہ ڈیڑھ سال معدے میں درد، گیس اور متلی جیسی شکایات تھیں اور اس کے لیے کوٹا میں ہی ایک نجی ہسپتال میں علاج کروایا تھا اور انہیں آپریشن کا مشورہ دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 6 ستمبر کو بزرگ کے پتے کا ٹیسٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ پتے کا حجم 12×4 سینٹی میٹر ہے اور پورا پتہ پتھروں سے بھرا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے انہیں درد ہو رہا ہے اوراسپتال کے سرجن ڈاکٹردنیش جندال نے بتایا کہ بزرگ کو ہونے والے درد کی بنیادی وجہ بھی یہی تھی۔
ڈاکٹر دنیش جندال نے بتایا کہ پتے کی معمول کی جسامت 7×4 سینٹی میٹر ہوتی ہے اور جو بزرگ کے پتے کی جسامت تھی اس حالت میں آپریشن خطرناک ہوتا ہے، اگر خدانخواستہ پتے میں سوراخ ہوجائے تو پتھر پورے پیٹ میں پھیل جاتے ہیں اور انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈوبیگ کا استعمال کرتے ہوئے پتا نکال لیا گیا ہے اور عمل میں تقریباً 30 سے 40 منٹ کا وقت لگا، پتا نکالنے کے بعد کھول دیا گیا تو پتا چلا اتنے سارے پتھر پڑے ہوئے ہیں۔
بزرگ کو پتے کے آپریشن کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ڈاکٹر دنیش جندال نے کہا کہ انہوں نے اس سے قبل ایک 45 سالہ مریض کے پتے سے 5 ہزار 70 پتھر نکالے تھے، اسی طرح ایک اور 70 سالہ بزرگ کے پتے سے 8×4 سینٹی میٹر پتھر نکالا تھا۔