ایران میں شدید گرمی کی لہر، سرکاری ادارے اور بینک آج بند رہیں گے
Share your love
تہران:ایران میں جاری گرمی کی لہر کے باعث آج سرکاری اداروں اور بینکوں میں چھٹی ہوگی۔
ایران میں کئی روز سے گرمی کی شدید لہر جاری ہے، کئی صوبوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جا پہنچا ہے،گزشتہ 2 روز میں گرمی کی شدت سے متاثر ہو کر 225 افراد ہسپتالوں میں داخل ہوئے،ایران میں ہفتہ وار تعطیل جمعے کو ہوتی ہے لیکن ملک میں جاری ہیٹ ویو کے باعث آج اتوار کو سرکاری دفاتراور بینکوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ہنگامی خدمات کے ادارے اتوار کو بدستور کام کریں گے،گرمی کے باعث اور توانائی کی بچت کے لیے ہفتے کو کام کے اوقات نصف کر دیئے گئے تھے۔
دوسری جانب شدید گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے شہریوں کو صبح سے شام 5 بجے تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے ایران میں گرمی کی لہر آئندہ 4 دنوں تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔