اماراتی خلاباز تاریخی مشن مکمل کرکے زمین پرکامیاب واپسی
Share your love
ابوظہبی :متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان ال نیادی تاریخی مشن مکمل کرکے زمین پر واپس پہنچ گئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے خلاباز سلطان النیادی اور عملے کے دیگر ارکان 6 ماہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس پہنچ گئے۔
سلطان النیادی اور کریو 6 مشن کے دیگر عملے سمیت امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے خلاباز سٹیفن بوون اور ووڈی ہوبرگ اور روسی خلاباز آندرے فیدیف پیر کی صبح زمین پر واپس پہنچے، سلطان النیادی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے 17 گھنٹے کے سفر کے بعد ڈریگن کیپسول سے باہر نکل آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلطان النیادی اور ان کے تین عملے کے ساتھی اب ایک ہیلی کاپٹر میں ٹمپا فلوریڈا جائیں گے، تاکہ وہ ہیوسٹن ٹیکساس کے لیے پرواز لے سکیں، ہیوسٹن میں وہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ دوبارہ ملیں گے، پھر وہ طبی ٹیسٹوں میں حصہ لیں گے جس میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔
سلطان النیادی اس کے بعد ان کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے، جس کے کچھ ہی دنوں بعد وہ مکمل مشن ڈیبریفنگ کے لیے ایک بار پھر امریکہ واپس جائیں گے