آئی پی پیز سے متعلق ہر ایک کے تحفظات ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی
Share your love
اسلام آباد: ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کے بارے میں ہر ایک کے تحفظات ہیں، وزیر اعظم مسئلے کے حل کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود صدیقی نے چند روز قبل آئی پی پیز کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، ان سے آج پھر بات ہوئی ہے، میں نے وزیر اعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور وزیر اعظم نے پہلے وزیر توانائی سے بات کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے جو حکمت عملی بن رہی ہے، حکومت اس میں ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے بارے میں ہر ایک کے تحفظات ہیں، وزیر اعظم مسئلے کے حل کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت مستحکم ہے، موجودہ سیاسی صورتحال میں پریشانی والی کوئی بات نہیں، وزیر اعظم اور پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے اور کرتے رہیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ تو اللہ تعالیٰ کو ہی پتہ ہے کہ وہ کس سے بات کریں گے اور کس سے نہیں۔