Enter your email address below and subscribe to our newsletter

توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

Share your love

راولپنڈی: احتساب عدالت راولپنڈی نے نئے توشہ خانہ کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے دلائل دیئے، وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے، ایک ہی طرح کے الزام میں دو ریفرنس نہیں بنائے جاسکتے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں، نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 16 ستمبر تک توسیع کردی، عدالت ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت کرے گی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!