‎سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان انتقال کرگئے

‎ لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور معروف سفارتکار شہریار ایم خان لاہور میں انتقال کرگئے۔

‎شہریار خان قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر، 2 بار چیئرمین پی سی بی اور سیکرٹری خارجہ بھی رہے۔ شہریار خان کے اہل خانہ کی جانب سے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔

‎شہریار ایم خان 29مارچ 1934ء کو لکھنوٴ بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی علیم وہیں حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم انگلستان سے حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد شہریار خان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آ گیا اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔

‎شہریار ایم خان معروف سفارتکار تھے۔ وہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور 2 بار چیئرمین پی سی بی بھی رہے۔ مرحوم بھارت کے سابق کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے اور پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تھے۔

‎شہریار خان کی ہفتے کی صبح ساڑھے 4 بجے گھر پر اچانک طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی عمر 89 برس تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی میت بذریعہ ائیر ایمبولینس کراچی لاکر نماز جنازہ کراچی ہی میں ادا کی جائے گی۔