غزہ کو فاصلے سے دیکھا ہے اب جلد اندر سے بھی دیکھ لیں گے،اسرائیلی وزیر دفاع
Share your love
غزہ : اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلینٹ کا کہنا ہے کہ زمینی فوج غزہ کی سرحد پر جمع ہونے کے لیے تیار ہے تاکہ فلسطینیوں کی ‘ انکلیو ‘ کو اندر سے دیکھ سکیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غزہ کو فاصلے سے دیکھا ہے اب آپ جلد غزہ کو اندر سے بھی دیکھ لیں گے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کی جنگ ایک مشکل اور لمبی جنگ ہو سکتی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے اس خطاب کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ایک ایسی ویڈیو سامنے ائی ہے جس میں وہ اپنے فوجیوں کو سرحد کے نزدیک کسی جگہ پر اپنی فتح کا یقین دلا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق وزیر دفاع نے یہ بات گزشتہ روز کہی تھی جس کا اشارہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے نزدیک آ جانے کی طرف تھا۔
7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل فضائیہ کے ذریعے غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے ، اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے صدر جوبائیڈن کے بعد برطانوی وزیر اعظم رشی سونک بھی تل ابیب پہنچے۔
امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک اسرائیل کی غزہ پر جاری فضائی اور ممکنہ زمینی حملوں کے لیے کھل کر حمایت کر رہی ہیں حتیٰ کہ اسرائیل کی طرف سے ہسپتالوں پر بمباری کی بھی مذمت نہیں کی ہے۔
گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم رشی سونک دورہ اسرائیل کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے ، انہوں نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، سعودی ولی عہد نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو بتایا کہ ریاض غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو “گھناؤنا جرم اور وحشیانہ حملہ” سمجھتا ہے۔
اسرائیل کو 75 برسوں میں سب سے زیادہ سنگین حملوں کا سامنا ہے، اس بارے میں اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس چیف نے اعتراف بھی کیا ہے کہ اسرائیل حماس کے راکٹ حملوں کا پیشگی پتہ چلانے اور انہیں روکنے میں ناکام رہا ہے۔
اسرائیل کا میزائل حملوں کو روکنے کا نظام بھی حماس کے ان راکٹ حملوں کو روکنے میں ناکام رہا جس سے اسرائیلی کی ٹیکنالوجیکل اور فوجی برتری کے تصور کو بہت دھچکا لگا ہے۔
خیال رہے کہ 23 لاکھ نفوس پر مشتمل غزہ پر اسرائیل نے قیامت ڈھا دی ہے ، بمباری کی زد میں اب تک کئی ہسپتالوں کو بھی براہ راست نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ اسرائیل فورسز نے غزہ کا باہر سے مسلسل محاصرہ کرکے پانی ، ادویات اور خوارک سمیت ہر چیز کی غزہ کو فراہمی روک دی ہے۔