سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، اگلی باری پیپلز پارٹی کی ہو گی، بلاول بھٹو

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، اگلی باری پیپلز پارٹی کی ہوگی، بہتر ہوتا الیکشن کمیشن خود ہی اعلان کر دیتا، عدالت کو مداخلت نہ کرنا پڑتی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب 8 فروری کو انتخابات ہونے چاہئیں، کسی ایک الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، اُمید ہے اس دفعہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ بھی آچکی ہے اور موسم بھی ٹھیک ہے، پیپلز پارٹی کی انتخابی اور عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی، میں نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کی تجویز دی تھی، میثاق جمہوریت پر سب جماعتوں کو آنا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اصولی طور پر ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے پیپلزپارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، کسی بھی غیرقانونی کام کا ساتھ کوئی جماعت نہیں دے سکتی، ہیومن رائٹس پر پیپلز پارٹی کا سخت موقف ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کا واویلا کرنے والے ممالک فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت پر کیوں خاموش ہیں، انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیاد اس قسم کی سیاست کی تھی جس میں صرف لیول پلیئنگ فیلڈ ان کے لیے تھی، 2018ء کا الیکشن دیکھ لیں سب کے سامنے ہے، تاریخ میں پہلی بار سوشل میڈیا پر نسل کشی دیکھ رہے ہیں، یوکرین پر لیکچر دینے والے فلسطین میں نسل کشی پر بھی بولیں۔