ملک بھر میں مون سون بارشوں کی دبنگ انٹری ،بادل برسنے پر شہریوں کے چہر ے کھل اٹھے
Share your love
اسلام آباد/لاہور/ کراچی/ پشاور/کوئٹہ: ملک بھر میں مون سون بارشوں نے دبنگ انٹری دیدی، کہیں تیزبارش اور کہیں رم جھم سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔بادل برسنے پر گرمی اورحبس کے ستائے شہریوں کے چہر ے کھل اٹھے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور مظفرآباد میں موسلا دھاربارش سے شہریوں نے سکھ کاسانس لیاہے جبکہ پشاور، اٹک، صوابی، ہری پور، شانگلہ، اٹک میں بھی بھرپور بادل برسے۔
اسلام آبا د اورراولپنڈی سمیت گردونواح میں موسلادھار بارش نے جھل تھل ایک کردیاسڑکیں اورگلیاں بارش کاپانی کھڑا ہونے کے باعث دریاکامنظر پیش کرنے لگیں جڑواں شہروں مختلف علاقوں میں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث برساتی پانی کھڑے ہونے سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔
شہر قائد کراچی میں بھی مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا، نیا ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شارع فیصل پر تیز بارش، سرجانی، گلشن حدید، گلشن معمار، کیماڑی میں بادل جم کر برسے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ابھی بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور بادل برسنے کیلئے تیار ہیں۔
دوسری جانب سرجانی ٹاوٴن میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے 2 افراد دم توڑ گئے، گلشن معمار میں تیز ہوا سے سائن بورڈ گر گیا جس کی زد میں آکرایک شخص زخمی ہوا جبکہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
کراچی میں شدید بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 150سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، گلشن اقبال، گارڈن، ایف بی آر، ملیر میں بجلی بند رہی جبکہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، ننگر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آج سے 15 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کیمطابق آج سے بحیرہ عرب سیمون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، کل سے 15جولائی کے دوران کے پی اورجی بی میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بلوچستان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔