اگر زندگی میں ذہنی سکون نہ ہو تو پیسے اور شہرت سے آپ خوش نہیں رہ سکتے،کرینہ کپور
Share your love
ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ اگر زندگی میں ذہنی سکون نہیں ہو تو پیسہ، شہرت، کیریئر، شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتے ہوئے بھی آپ خوش نہیں رہ سکتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ‘ذہنی سکون اور ذہنی خوشی’ کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہر مرد اور عورت کے پاس فیملی، شہرت، پیسہ اور کیریئر ہوسکتا ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ میرے پاس جو کچھ ہے، اُن میں سب سے اہم ذہنی سکون اور خوشی ہے۔
کرینہ کپور نے کہا کہ میں ذہنی سکون کی وجہ سے خوش رہتی ہوں اور یہی میرے لیے سب سے اہم ہے کیونکہ میرا ماننا ہے کہ اگر کسی عورت کی زندگی میں ذہنی سکون نہ ہو تو وہ شہرت، پیسہ، کیریئر شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتے ہوئے بھی خوش نہیں رہ سکتی۔
اداکارہ نے کہا کہ اس لیے میرے لیے یہ سب سے اہم چیز ہے اور میں ہر عورت کو یہی مشورہ دیتی ہوں کہ اگر آپ کی زندگی میں ذہنی سکون ہے تو آپ بہت خوش قسمت ہیں، اس کی حفاظت کریں۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم اداکاروں یا مشہور شخصیات کی ذہنی سکون کا تعلق پرائیوسی سے بھی ہوتا ہے، میں اگر اپنی بات کروں تو میں دنیا کے سامنے صرف وہی چیزیں شیئر کرتی ہوں جن سے میری نجی زندگی یا میری دماغی صحت متاثر نہیں ہوتی۔
کرینہ کپور نے کہا کہ میں اپنی فیملی اور نجی زندگی کو تھوڑا سا پرائیویٹ رکھنا پسند کرتی ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ کہیں نہ کہیں، اسی وجہ سے میری ذہنی صحت تندرست رہتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی سے پرائیوسی ختم کردیں اور سب کچھ ہی دنیا کے سامنے رکھ دیں تو پھر شاید ہی کوئی اداکار زندہ بچ سکے گا کیونکہ یہ سوشل میڈیا اور ٹرولنگ کا زمانہ ہے۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان 16 اکتوبر 2012 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑے کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔
اس سے قبل سیف علی خان نے اپنے سے بڑی عمر کی ساتھی اداکارہ امریتا سنگھ سے 1991 میں پہلی شادی کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی سارہ علی خان اور بیٹا ابراہیم علی خان ہیں۔