عمران خان کو آج اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں پیش کیا جائے گا۔
Share your love
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آج اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر ایچ الیون میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج جوڈیشل کمپلیکس کی بجائے اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر ایچ الیون میں پیش کیا جائے گا اور عدالت پولیس لائن گیسٹ ہاوٴس میں لگے گی۔
خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا اور انہیں رینجرز کی مدد سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں آج فرد جرم عائد کی جائے گی اور انہیں احتساب عدالت کے جج کے سامنے بھی یہیں پیش کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں توشہ خانہ اور نیب کے کیسز سننے والے ججز پولیس لائن گیسٹ ہاوٴس جائیں گے اور حکام کی جانب سے دونوں عدالتیں منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل عمران خان کو ایف 8، کورٹ کمپلیکس اسلام آباد اور جوڈیشل کمپلیکس جی 11 فور اسلام آباد میں پیش کیا جانا تھا۔
ادھر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کو پولیس لائن گیسٹ ہاوٴس منتقل کر دیا گیا ہے اور نیب کی درخواست پر وفاقی حکومت کی جانب سے پولیس لائن گیسٹ ہاوٴس کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا ہے ، جسمانی ریمانڈ ملنے کی صورت میں عمران خان کو وہیں رکھا جائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں عمر کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم بھی عمران خان سے وہیں تفتیش کرے گی۔
نیب ذرائع کاکہناہے کہ عمران خان پولیس لائنز میں موجود ہیں جبکہ عمران خان کی لیگل ٹیم کو روک لیا گیا لیگل ٹیم نسٹ یونیورسٹی اشارے کے قریب ایس پی انڈسٹریل ایریا کے آفس کے باہر روکا گیا ہے علاوہ ازیں خواجہ حارث کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی اوربابر اعوان ، فیصل چوہدری ، بیرسٹر گوہر ، علی بخاری کو بھی روک لیا گیا جبکہ صحافیوں کو بھی کمرہ عدالت جانے سے روک دیا گیا ہے ۔