کراچی میں ڈاکووٴں نے واردات کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل کردیا
Share your love
کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال چورنگی میں ڈاکووٴں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر شہری کو قتل کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال غلام یاسین کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات جاری کئے اور ایس ایس پی ایسٹ کو انکوائری کر کے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
شہر قائد میں عید پر بھی شہری ڈاکووٴں کے ہاتھوں غیر محفوظ ہیں، تازہ واقعے میں عید کے دوسرے روز گلشن اقبال چورنگی کے قریب فائرنگ سے 2 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول نجی بینک کی اے ٹی ایم سے رقم نکال کر باہر نکلا تو ڈاکوؤں نے مقتول سے رقم اور اس کے دوست سے موبائل فون چھین کر مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی کنپٹی پر ایک گولی لگی جو گردن سے باہر نکل گئی۔
واقعے کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال غلام یاسین کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات جاری کئے اور ایس ایس پی ایسٹ کو انکوائری کر کے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
ایک اور واقعہ میں گلشن اقبال تھانے کی حدود راشد منہاس روڈ گلشن چورنگی پر واقع سپر سٹور کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی نعش عباسی شہید ہسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ سید تراب حسین زیدی ولد سید نثار حسین زیدی کے نام سے کی گئی۔