چار روزہ میچ،آسٹریلین پرائم منسٹر الیون نے پاکستانی باؤلرز کے ہوش اڑادئیے
Share your love
کینبرا: چار روزہ ٹور میچ میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے بیٹرز نے پاکستانی باؤلرز کو آئینہ دکھا دیا۔
آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون نے پاکستان کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا لیے، انہیں شاہینوں کی برتری ختم کرنے کیلئے محض 24 رنز درکار ہیں۔
کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ میچ میں کے تیسرے روز پرائم منسٹر الیون کے کیمرون گرین 46 اور کپتان ناتھن میک سوینی 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، میٹ رینشا 136 اور بیو ویبسٹر 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے دوسرے روز پرائم منسٹر الیون نے پہلی اننگز میں 60 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے تھے، اوپنر مارکس ہیرس اور کیمرون بینکرافٹ نے ٹیم کو 96 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ہیرس 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ بینکرافٹ 53 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں دوسرے روز قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز سے اننگز کا آغاز کیا اور محض 67 رنز کے اضافے کے بعد اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔
کپتان شان مسعود نے ڈبل سینچری سکور کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 201 رنز بنائے، انکی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، دیگر کھلاڑیوں میں عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پرائم منسٹر الیون کی جانب سے جارڈن بکنگھم نے 5 جبکہ مارک سکیڈی اور ٹوڈ مرفی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
میچ کے پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم امام محض 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ عبداللہ شفیق بھی صرف 38 رنز ہی بنا سکے۔
کپتان شان مسعود اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، سعود شکیل 13 اور سرفراز احمد 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، پہلے روز کھیل کے اختتام سے محض 2 بال قبل فہیم اشرف 17 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔