ماضی میں لاڈلے کو گڈ ٹو سی یو کہہ کر مخاطب کیا گیا،شہباز شریف

اسلام آباد:سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے، ترازو کو ایک لاڈلے جانب جھکایا جارہا ہے۔

کراچی پہنچنے کے بعد نجی ہوٹل میں پارٹی عہدیداران اور شمولیت کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلے کے نشان کے حوالے سے حقیقت پر مبنی فیصلہ دیا، پشاور ہائیکورٹ نے اس پر حکم امتناع جاری کر کے الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترازو کو ایک لاڈلے کی جانب جھکایا جارہا ہے جبکہ ماضی میں نو مئی اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے لاڈلے کو سپریم کورٹ میں ’گڈ ٹو سی یو‘ کہہ کر مخاطب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں کے ان فیصلوں پر دلجمعی کے ساتھ بولنا چاہیے اور اس پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے۔

دوسری جانب شہباز شریف نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ سے بڑی تعداد میں لوگوں اور سیاسی رہنماؤں نے ن لیگ پر اعتماد کیا ہے، میں تمام لوگوں کو شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، لاڈلے کے ذریعے ملک کی تباہی کی گئی اور اب دوبارہ ویسا ماحول بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔