بھارت کی جنگجوانہ بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے،دفترخارجہ
Share your love
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیردفاع کے لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری سے متعلق بیان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کی جنگجوانہ بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔بھارتی بیانات جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیر مستحکم کررہے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے غیر اخلاقی بیانات کو روکنا چاہیے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی حکام انتخابی فوائدکیلئے پاکستان کو نشانہ بنانے کا رواج ختم کریں۔
ترجمان نے مزید کہاکہ جموں و کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شرط رکھی گئی ہے کہ علاقے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا۔
ترجمان کاکہناتھا کہ کشمیرمیں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرائی جائے گی۔ ہندوستان کو مشورہ دیتے ہیں اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کو دیانتداری سے نافذ کرے۔