پیرس اولمپکس،جیولین تھرو فائنل، ارشد ندیم کی تاریخ سازتھرو،ریکارڈ قائم کردیا
Share your love
پیرس:پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے میڈل کی امید ارشد ندیم جیولین تھرو کے ایونٹ میں ایکشن میں ہیں۔ انہوں نے اپنی دوسری تھرو کیریئر بیسٹ 92.97 میٹر پھینک دی اور اولمپکس ریکارڈ بنادیا۔
گولڈ میڈل کے حصول کےلیے 12 کھلاڑی میڈل پر نظر جمائے جیولین پھینکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
گرینیڈا کے پیٹر اینڈرس نے پہلی تھرو 84.70 میٹر کی پھینکی جبکہ ٹرینیڈاڈ این ٹوباگو کے کیشور نے پہلی تھرو 86.16 میٹر کی پھینکی۔
بھارت کے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی وہ پھینکتے ہوئے فاؤل کرگئے۔ فن لینڈ کے لاسی نے 78.81 میٹر کی پہلی تھرو کی۔
پاکستان کے ارشد ندیم اور جرمنی کے جیولین ویبر پہلی تھرو نہ کرسکے تھے۔
ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو میں 92.97 میٹرو کی تھرو کردی جو اب تک کا اولمپکس ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب پوری قوم ارشد ندیم کی کامیابی کےلیے دعائیں کر رہی ہے۔ کھلاڑی، فنکار، اداکار، سیاستدان ہر ایک کی زبان پر صرف ارشد ندیم کا نام ہے۔
سب کی خواہش اور دعا ہے کہ ارشد ندیم پاکستان کا سب ہلالی پرچم بلند کریں۔
ارشد ندیم کی اہلیہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے ساتھ ساتھ پورا ملک ارشد ندیم کےلیے دعا کر رہا ہے، محلے کے لوگ بھی ارشد ندیم کی کامیابی کےلیے دعاگو ہیں۔
پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس تین، تین بار جیولین پھینکیں گے۔ تین باریوں کے بعد 8 بہترین تھرو کرنے والے ایتھلیٹس مزید تین باریاں لیں گے۔
مجموعی چھ باریوں میں سب سے بہتر تھرو پلیئر کی حتمی تھرو قرار پائے گی۔ اسٹارٹ لسٹ میں ارشد ندیم کا نمبر چوتھا ہے۔
پاکستان کے ارشد ندیم 86.59 کے سیزن بیسٹ کے ساتھ فیلڈ پر اتریں گے، فائنل میں شامل چار کھلاڑیوں کی سیزن بیسٹ تھرو ارشد سے بہتر ہے۔
انڈیا کے نیرج چوپڑا کی سیزن بیسٹ 89.34 میٹر جبکہ جیکب ویڈلیخ کی سیزن بیسٹ 88.65 ہے۔ گرینیڈا کے اینڈریسن پیٹرز کی سیزن بیسٹ 88.63 ہے جبکہ جرمنی کے جولین ویبر کی سیزن بیسٹ 88.37 ہے۔
فائنل میں شامل 12 کھلاڑیوں میں سے پانچ کھلاڑی 90 میٹر سے طویل تھرو کا پرسنل بیسٹ رکھتے ہیں۔
ارشد ندیم کی پرسنل بیسٹ تھرو 90.18 میٹرز ہے۔ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، کینیا کے جولیس یگو 92.72 میٹرز اور جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیخ 90.88 میٹرز کی تھرو کرچکے ہیں۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی تھی۔ نیرج چوپڑا 89.34 میٹر، پیٹرز اینڈرسن 88.63 میٹر اور جولین ویبر 87.76 میٹرز کی تھرو کے ساتھ فائنل میں آئے۔