اسرائیلی فورسز کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری، مزید 300 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ نہ رک سکا صیہونی فورسز کی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے، ہر طرف چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے، فورسز کی بمباری سے مزید تین سو فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے ہیں۔

صیہونی فورسز نے خان یونس سے رفاہ جانے والی سڑک بھی تباہ کر دی، ہسپتالوں اور ایمبولینسز پر حملوں میں دو طبی کارکن شہید ہوگئے۔

فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے فلسطینیوں کو نکالنے میں شدید دشواریاں ہیں، ایندھن کی کمی سے شہری دفاع کے پاس اب صرف ایک گاڑی قابل استعمال ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ میں 3500 اہداف پر حملےکئے، جنگ کے آغاز 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی افواج نے غزہ میں 22 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا، شہدا کی مجموعی تعداد 18 ہزار تک پہنچ گئی۔