اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں پر بربریت نہ تھم سکی، ایک دن میں 85 فلسطینی شہید

غزہ:صیہونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، جنوبی غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری جاری ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے رفاہ میں ہسپتال کے قریب فضائی حملہ کر دیا، خان یونس اور جبالیہ کیمپ پر بھی بمباری کے نتیجے میں ایک دن میں 85 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی غزہ میں صیہونی فوج نے رفاہ شہر میں ایک سکول کی عمارت میں رہائش پذیر بے گھر فلسطینیوں پر حملہ کر دیا جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے، اسرائیلی فوج نے ایک مسجد اور 2 رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے خان یونس میں ریڈ کریسنٹ کے ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی جس میں درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں، کویت ہسپتال میں زخمی کے علاج کیلئے جگہ کم پڑ گئی، روزانہ ایک ہزار زخمیوں کی آمد جاری ہے۔

ادھر صیہونی فورسز نے مغربی کنارے کے قریب 16 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے، غزہ میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ سروسز ایک بار پھر بند ہوگئی ہیں۔

واضح رہے کہ جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 20 ہزارسے بڑھ گئی جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ 52 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی سے متعلق متحدہ عرب امارات کی قرارداد پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں مسلسل تیسرے روز بھی ووٹنگ نہ ہو سکی۔