نو مئی کے واقعات میں ملوث شہریوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلنے کا علم ہے،امریکا
Share your love
واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شہریوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلنے کا علم ہے۔جبکہ امریکا نے روس کی توانائی سے متعلق برآمدات پر پابندی نہیں لگائی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پہلے بھی کہتے آئے ہیں اور اب بھی کہہ رہے کہ پاکستانی حکام آئین کے مطابق جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی سب کے لیے یکساں بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اعلیٰ سطح کے رابطوں میں انسانی حقوق اور قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے روس سے تیل خریدنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ہر ملک کو اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ امریکا نے روس کی توانائی سے متعلق برآمدات پر پابندی نہیں لگائی۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں نے جو حد مقرر کی اس سے روس کے تیل کی قیمت گری اور اسے 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔