جج جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی

جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے جوڈیشل کمیشن کے نام خط میں لکھا کہ اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ عزت دی، مجھے ایڈہاک جج کے طور پر دوبارہ منتخب کر کے جو عزت بخشی گئی اس کے لیے جوڈیشل کمیشن کا مشکور ہوں۔

جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے کہا کہ موجودہ حالات میں بطور ایڈہاک جج کام کرنے سے معذرت چاہتا ہوں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود نے ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی پر رضا مندی ظاہر کردی۔ ان کے علاوہ جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے بھی ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی پر رضامندی ظاہر کردی۔ تاہم جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے تاحال رجسٹرار سپریم کورٹ کو جواب نہیں دیا۔

زیر التوا کیسز میں کمی لانے اور سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی کے لیے سپریم کورٹ میں 4 ایڈہاک ججز کے تقرری کے لیے 19جولائی کو جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ،جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعینات کرنے پر غور کیا جائے گا۔