ججز خط معاملہ ،وزیراعظم کی چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی سے ملاقات
Share your love
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط والے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ میں ملاقات جاری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ججز گیٹ سے سپریم کورٹ پہنچے، جہاں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ان کی ملاقات جاری ہے
ملاقات میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال ہوگا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی اس ملاقات میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججوں کے کام میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت اور دباوٴ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا خط سامنے آیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات بھی کی تھی۔