پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، خواجہ آصف
Share your love
سیالکوٹ:وزیر دفاع و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی ادارہ پاکستان کی سالمیت سے ماورا نہیں ہے، 9 مئی کو جو ہوا وہ پاکستان کے وجود پر حملہ تھا۔ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خاتون رکن کہتی ہیں کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، یہی ان کی سیاست کا اصول ہے، میرے نزدیک پاکستان سب سے اہم ہے، یہ ہے تو ہم ہیں، سیاسی قائدین ہیں، اس کے بغیر ذاتی زندگی کوئی معنی نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی ا?ئی کی حرکات کہتی ہیں کہ اس پر پابندی لگائی جائے، اس معاملے پر اتحادیوں کی مشاورت سے ہی ہم پارلیمنٹ میں آگے بڑھیں گے۔
آرٹیکل 6 کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مجھے پتا نہیں کہ کس کس پر آرٹیکل 6 لگا لیکن یہ مجھ پر لگا تھا، جب عدم اعتماد کی تحریک ہوئی تو جس طرح انہوں نے ایوان کو تحلیل کیا تو ان پر آرٹیکل 6 لگتا ہے اور کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی ادارہ پاکستان کی سالمیت سے ماورا نہیں ہے، یہ بیرونی طاقتوں کے پاس جاکر انہیں آمادہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف بات کریں، 9 مئی کو جو ہوا وہ پاکستان کے وجود پر حملہ تھا۔