لیگی رہنماء طارق فضل چوہدری کاجواں سالہ بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق
Share your love
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء طارق فضل چوہدری کاجواں سالہ بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے طارق فضل چوہدری کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں وفات پر افسوس کااظہارکیا ہے۔
پولیس کے مطابق سیونتھ ایونیو پر تیز رفتار گاڑی کھمبے سے ٹکرا گئی تھی جس میں طارق فضل چودھری کا بیٹا انزہ طارق زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا، پمز ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گاڑی نوجوان انزہ طارق ہی چلا رہا تھا۔
طارق فضل چودھری کے بیٹے کی میت ان کی رہائش گاہ چک شہزاد پہنچا دی گئی ہے، نماز جنازہ شام 4 بجے ن لیگ سیکرٹریٹ پارک روڈ چٹھہ بختاور میں ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رہنما ن لیگ طارق فضل چودھری کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے انزہ طارق کی وفات پر اہل خانہ سے دلی رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے طارق فضل چودھری کی رہائش گاہ جا کر ان سے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے بھی طارق فضل چودھری کے بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
راجہ پرویز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں طارق فضل چودھری اور دیگر اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ طارق فضل اور اہل خانہ کو جوان بیٹے کی موت پر صبر جمیل عطا فرمائے۔