‎اٹلی،فرانس ،سپین سمیت متعدد ممالک کی اسرائیل کے رفح پر حملے کی مذمت

اٹلی، فرانس، اسپین، ناروے، آئرلینڈ، بیلجیئم، قطر، سعوی عرب، مصر اور ترکیے نے رفح کی خیمہ بستی پر اسرائیل کے ہولناک فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ناروے کے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے رفح پر حملے انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیل نے عالمی فوجداری عدالت کے رفح پر حملہ نہ کرنے کے حکم کو مسترد کردیا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا غزہ میں عام فلسطینی شہریوں کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں بچی ہے۔ اب بس جنگ بند ہوجانی چاہیے۔ فریقین انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

اسپین کے وزیراعظم نے کہا کہ رفح کی خیمہ بستی پر اسرائیل کے فضائی حملے میں ہونے والے عام شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کا ایک اور دن تھا۔

بیلجیئم نے بھی اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے جلد ہی فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

اٹلی کے وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ میں روز بہ روز حالات ہولناک ہوتے جا رہے ہیں اور اب مزید عام شہریوں کا قتل کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

قطر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے رفح پر فضائی حملوں سے غزہ میں قیام امن کے لیے جاری مذاکرات کو ٹھیس پہنچے گی۔

سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک نے بھی اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔