Enter your email address below and subscribe to our newsletter

شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماء گرفتار

Share your love

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو بھی سپریم کورٹ سے باہر نکلتے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اسلام آباد پولیس کاکہنا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت جلاوٴ گھیراوٴ اور پرتشدد مظاہروں پر اْکسانے والوں کے خلاف نَقضِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاوٴس سے حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری گرفتاری سے بچنے کے لیے بدھ کی صبح سپریم کورٹ پہنچے تھے اور وہ گرفتاری کے خوف سے سارا دن سپریم کورٹ میں ہی موجود رہے اور پولیس باہر انکا انتظار کرتی رہی، رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب جیسے ہی فواد چوہدری سپریم کورٹ کی عمارت سے باہر نکلے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد میری گرفتاری کا بھی خطرہ ہے۔

فواد چوہدری نے عمران خان کی اپیل کے ساتھ متفرق درخواست دائر کی جس میں لکھا تھا کہ میں نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے، 12 مئی کو میرا مقدمہ ہائیکورٹ میں مقرر ہے لہذا تب تک مجھے حفاظتی ضمانت دی جائے۔

پولیس اہلکاروں نے فواد چوہدری سے پریس روم میں ملاقات کی اور ان سے سپریم کورٹ سے باہر آنے کی درخواست کی جس پر فواد چوہدری نے پولیس کو ہائی کورٹ کا ضمانت پر مبنی حکمنامہ دکھایا۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، دیکھتے ہیں ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر عمل کراتی ہے یا نہیں۔

ادھر اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت جلاوٴ گھیراوٴ اور پرتشدد مظاہروں پر اْکسانے والوں کے خلاف نَقضِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

بیان کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی ، اسد عمر،فواد چوہدری، جمشید اقبال چیمہ، فلک ناز چترالی، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کو گرفتار کرلیا اور ?تمام گرفتاریاں قانونی تقاضوں کو مکمل کرکے عمل میں لائی گئی ہیں جب کہ ?مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ عوام میں افواہ اور اشتعال پھیلانے سے گریز کریں۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد میں آمدورفت کے تمام راستے کھلے ہیں۔ ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کا احترام کریں۔ اسلام آباد میں دفعہ 245 نافذ ہے۔کسی بھی قسم کی غیر قانونی عمل کرنے والوں کے خلاف پولیس، ایف سی، رینجرز اور پاک افواج کارروائی کرنے کے مجاز ہیں۔ اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون کا احترام کریں۔ قانون سب کیلیے برابر ہے اور اس پر عمل کرنا سب کی ذمے داری ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور بعد ازاں عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد پی ٹی آئی قیادت کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر، فواد چوہدری اور علی زیدی سمیت دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!