صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا لیاقت علی خان کی 72 ویں برسی پر پیغامات
Share your love
اسلام آباد:صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قائدِ ملت لیاقت علی خان کی 72 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں پاکستان کی آزادی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قائدِ ملت کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت علی خان جدوجہد آزادی میں بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا قائدِ ملت کا وڑن ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پہلے وزیر اعظم خان لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ قائدِ ملت کو آزادی کے صرف چار سال بعد ہی ملک دشمن عناصر نے شہید کیا، 16 اکتوبر 1951ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ ملت نے بابائے قوم قائد اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان کو مستحکم کیا، انہیں پاکستان سے محبت کرنے کی پاداش میں شہید کیا گیا، شہادت کے وقت بھی انہیں پاکستان کی سلامتی کی فکر تھی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو شہیدِ ملت کی خدمات سے روشناس کروانے کی ضرورت ہے، لیاقت علی خان نے جس طرح ملک و قوم کی خدمت کی اس کی مثال نہیں ملتی۔