Enter your email address below and subscribe to our newsletter

میاں جاوید لطیف کی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اراکین سینیٹ کی تنخواہیں، مراعات بڑھانے کی مخالفت

Share your love

اسلام آباد:وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اراکین سینیٹ کی تنخواہیں، مراعات بڑھانے کی مخالفت کر دی ۔کہاکہ انصاف کے ادارے انصاف نہ دے سکیں تو ملک ترقی نہیں کرسکتا، چار سال کی ذہن سازی جلد نہیں بدلی جاسکتی۔ نو مئی کی چنگاریوں کو دوبارہ بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے ملک کو نقصان پہنچا ہے، کچھ قدرتی آفات ہماری خود کی پیدا کردہ ہیں، بجٹ اچھا ہے، دعا کریں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئندہ سال وسائل موجود ہوں۔ میثاق معیشت پر قوم خوش ہے کہ یہ قدم تو کسی نے اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے اپوزیشن نے انتقام کے باوجود یہ پیش کش کی لیکن کسی نے نہیں سنی اور نہ اس وقت کے سہولت کاروں نے بات سنی۔انہوں نے کہا کہ جس ریاست میں عدل کا نظام مضبوط ہو وہ ریاستیں کبھی تباہ نہیں ہو سکتیں، یہاں کئی سال سے وقت کے قاضی کے دیئے گئے فیصلوں کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ چار سال کی ذہن سازی جلد نہیں بدلی جاسکتی، نوجوانوں کو یہ نہیں معلوم کہ سی پیک دینے کی سزا کس کو ملی، ایٹمی دھماکے کس نے کئے۔ 9 مئی کی چنگاریاں ابھی بجھی نہیں ہیں یہ سلگ رہی ہیں، عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے نو مئی کی چنگاریوں کو دوبارہ بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ موجودہ عسکری قیادت قانون وآئین کے مطابق کام کرنے کا عزم رکھتی ہے لیکن وہ قوم کو حقائق بتائیں تاکہ نوجوانوں کے ذہن سے زہر نکالا جائے۔

میاں جادید لطیف نے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، اراکین سینیٹ کی تنخواہیں، مراعات بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، اراکین سینیٹ کی تنخواہوں، مراعات میں اضافہ قابل قبول نہیں۔جماعت اسلامی نے سود کے نظام کو بہتر بنانے کی سینیٹ کی سفارشات کی مخالفت کردی ۔

مولاناعبدالاکبر چترالی نے کہا کہ آئین پاکستان اور اسلام کی روح ہے سود تھوڑا یا زیادہ کسی طرح جائز نہیں سود کے مکمل خاتمے کی بجٹ میں تجویز دیتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ اور فنانس بل مکمل طور پر سود پر ہے سود کی وجہ سے پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔

جماعت اسلامی کے رکن کا کہنا تھاکہ سینیٹ کی یوٹیلیٹی سٹورز میں میں اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کی سفارش کی حمائت کرتا ہوں گواد ر اور ملاکنڈ کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے سیلاب زدگان کے لئے پچیس ارب دوسرے صوبوں کے سیلاب متاثرین کو نظر انداز کرنا ظلم ہے چترال سے لیکر جنوبی پنجاب اور سندھ تک سب سیلاب زدگان کو امداد دی جائے۔

مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ ایک شخص نے نوجوان ذہنوں میں اداروں کے خلاف نفرت کی آگ بھر دی ہے ہنگامی بنیادوں پر نوجوان ذہنوں کو اداروں کے خلاف ذہن بنانے سے روکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دوکروڑ سے زائد بچے سکولز سے باہر ہیں تعلیم کے لئے بجٹ بڑھانے کی ضرورت ہے تعلیم سب کے لئے کی بجائے معیاری تعلیم سب کے لئے نعرہ ہونا چاہئے وسائل کو ترجیحات کے مطابق دیکھنا ہوگا ۔

منحرف رکن پی ٹی آئی احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کب ہونگے یہ طے کرنا عدالت نہیں پارلیمنٹ کا کام ہے دس سال کیلئے میثاق جمہوریت کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یو اے ای، سعودی عرب کو بڑی سرمایہ کاری کیلئے راضی کریں وزیراعظم سے جنوبی پنجاب کو اختیارات منتقلی کا مطالبہ کرتا ہوں جنوبی پنجاب کو باقاعدہ صوبہ بنایا جائے جنوبی پنجاب کیلئے مختص سارے فنڈز جاری کئے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی کے زمہ دار کو پوری دنیا جانتی ہے فوجی جوان سرحدوں پر جاگتے تو قوم چین کی نیند سوتی ہے ابھی نندن کو اس وقت کے وزیراعظم نے سودابازی کر کے واپس بھجوایا،۔

اجلاس میں محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکی سالگرہ پر سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قراردار متفقہ طور پر منظور کر لی گئی بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد نوابزادہ افتخار خان نے پیش کی جس میں محترمہ بینظیر بھٹو کوسیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

بعد ازاں اجلاس جمعرات کی صبح گیا رہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!