محمد شامی نے مودی سے گلے لگ کر غم بانٹنے کی تصویر شیئر کردی

نئی دہلی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے بہترین بولر قرار پانے والے محمد شامی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گلے لگ کر ٹیم کی شکست کا غم بانٹنے کی تصویر شیئر کردی۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا نے باآسانی بھارت کو 6 وکٹوں سے مات دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈکپ ٹائٹل جیت لیا۔

ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 24 وکٹیں لینے والے بھارتی فاسٹ بولر فائنل میں بجھے بجھے دکھائی دیے اور صرف ایک ہی وکٹ لے سکے۔

ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد جہاں ٹیم کے تمام کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف افسردہ تھا وہیں شامی بھی اپنا غم چھپا نہ سکے۔
محمد شامی ڈریسنگ روم میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گلے لگ کر افسردہ ہوگئے۔ اسکی تصویر بھی خود شامی نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل پر شیئر کی۔

ساتھ میں شامی نے تحریر کیا کہ بدقسمتی سے کل ہمارا دن نہیں تھا۔ میں پورے ورلڈ کپ میں تمام بھارتیوں کا ٹیم اور اپنی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ڈریسنگ روم آنے اور غم میں ڈوبے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پر شکریہ ادا کیا۔