کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور تاریخ رقم کردی
Share your love
لاہور : پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور تاریخ رقم کردی ، وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 13 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے۔
شہروز کاشف نے یہ سنگ میل چین میں ” چو ایو” کو سر کرکے عبور کیا ہے، 8188 میٹر بلند چو اویو دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی ہے۔
وہ چو ایو سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی ہیں، شہروز عالمی ریکارڈ سے ایک چوٹی کی دوری پر ہیں۔
شہروز کاشف آٹھ ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کا عزم رکھتے ہیں۔شہروز کو ریکارڈ کے حصول کیلئے شیشا پنگما کو سر کرنا باقی ہے، چین میں واقع شیشاپنگما کو شہروز اس ماہ کے وسط میں سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رواں برس 2اکتوبر کو پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی اور سرباز خان نے بھی ماوٴنٹ چو ایو کو سرکرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
قبل ازیں شہروز کاشف نے دوسری مرتبہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماوٴنٹ مناسلو کو بھی سر کیا تھا۔لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز اس سے قبل ماوٴنٹ ایورسٹ، اناپورنا ، کے ٹو، کنچنگجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور ٹو سر کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما بھی ہیں ، شہروز 17 برس کی عمر میں سطح سمندر سے 26 ہزار 400 فٹ کی بلندی پر واقع پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں، وہ براڈ پیک پر پاکستانی پرچم لہرانے والے سب سے کم عمر کوہِ پیما بھی ہیں۔