(ن) لیگ کے رہنماء امیر مقام کے قافلے پر فائرنگ،وزیر اعظم اور مریم نواز کی مذمت
Share your love
شانگلہ:وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء انجینئر امیر مقام کے قافلے پر فائرنگ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔جبکہ وزیر اعظم اور مریم نواز نے حملے کی مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما امیر مقام کے قافلے پر مارتونگ کے مقام پر نا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، حملے میں وہ محفوظ رہے تاہم ان کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام پر حملہ مارتونگ میں نادرا آفس کے افتتاح اور جلسے کیلئے جاتے ہوئے کیا گیا، 2014 میں بھی اسی مقام پر حملے کی کوشش کی گئی تھی، پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے مشیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام پر شانگلہ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ انجینئر امیر مقام حملے میں محفوظ رہے، وزیر اعظم نے امیر مقام سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا اور انجینئر امیر مقام کے جذبے، بہادری اور ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نواز شریف کے شیر ہیں، آپ کی عوامی، قومی اور پارٹی کیلئے خدمات کو سراہتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان پو ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ اور دیگر لوگ محفوظ ہیں، آپ بہادر شخص ہیں، آپ نے دہشت گرد حملوں کے خطرات کے باوجود عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا ہے۔