Enter your email address below and subscribe to our newsletter

نیب ترامیم سے سب کچھ ختم نہیں کیا گیا صرف فورم تبدیل ہوا ہے،چیف جسٹس

Share your love

اسلام آباد: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت 184 تین کے مقدمات میں اپیل پر پہلی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم سے سب کچھ ختم نہیں کیا گیا صرف فورم تبدیل ہوا ہے۔

نیب ترامیم فیصلے کے خلاف اپیلیوں پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔ لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔

وفاقی حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل کی پہلی سماعت پر کیس میں التوا مانگ لیا جس کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں موقف دیا گیا کہ وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان بیرون ملک ہیں۔

 

مخدوم علی خان نے درخواست میں بتایا کہ میں 3 نومبر تک عدالتی رخصت پر ہوں اور 27 اکتوبر کو پیرس پہنچا ہوں جبکہ 28 اکتوبر کو نیب اپیل سماعت کے لیے مقرر ہونے کا پتہ چلا۔

درخواست گزار کے مطابق انہوں نے واپس آنے کی ٹکٹس حاصل کرنا چاہا لیکن تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے تھے، پیرس سے 4 نومبر کو واپس آؤں گا لہٰذا کیس کی سماعت 6 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وکیل مخدوم علی خان کو وکیل کیا گیا ہے، اصل کیس اور اپیل دونوں میں مخدوم علی خان ہی وکیل تھے اس لیے مخدوم علی خان کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ مخدوم علی خان 3 نومبر تک چھٹی پر ہونے کے باعث بیرون ملک ہیں، میں عدالت کی معاونت کے لیے دستیاب ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیس میں کچھ دوسری درخواستیں بھی ہیں۔

درخواست گزار زوہیر صدیقی کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میرا کلائنٹ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلہ سے متاثر ہوا، کیس میں شامل ہونے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ ترامیم کے نتیجے میں میرے موکل کا کیس دوبارہ اوپن ہوگیا، مجھے بھی کیس میں فریق بنایا جائے، ہمیں سنے بنا عدالت نے فیصلہ دیا ہم فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ بھی آیا ہے، درخواست گزار چاہیں تو اختلافی نوٹ کی بعد درخواست میں ترمیم بھی کر سکتے ہیں اور نظر ثانی تک اختیار سماعت ہے، اگر آپ نظرثانی درخواست دائر کرینگے تو انٹرا کورٹ اپیل نہیں سنیں گے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں نظرثانی درخواستیں واپس لیتا ہوں۔

چیف جسٹس نے مخدوم علی خان کے معاون وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اٹارنی جنرل کا دفتر ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جس پر معاون وکیل نے کہا کہ ایسا نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تحت میرٹس کو دیکھا تو اپیلیں بحال ہوجائیں گی، کیا ہمیں پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے تفصیلی فیصلے کا انتظار نہیں کر لینا چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا گیا تو اس طرح تاخیر ہوجائے گی، پانچ رکنی لارجر بینچ بلا تاخیر کیس  پر کارروائی جاری رکھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون نافذ العمل ہوچکا ہے، کیا ابھی پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تفصیلی فیصلے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، 184کی شق تین کے تحت فیصلے کے خلاف اپیل کا حق مل چکا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ یہ کیس تشریح کا ہے، وفاقی حکومت اس کیس میں کیسے متاثرہ فریق ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون میں لفظ پرسن ہے جو متاثرہ ہو اپیل کر سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم سے سب کچھ ختم نہیں کیا گیا، نیب ترامیم سے صرف فورم تبدیل ہوا ہے۔ نیب ترامیم سے کوئی الزامات سے بری نہیں ہوا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اب فیصلے میں دوبارہ نیب کورٹ جانا میرا حق متاثر کرتا ہے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاق متاثرہ ہے اس لیے اپیل دائر کر رکھی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون تفصیلی فیصلے کے بعد نیب انٹرا کورٹ اپیل سنیں گے۔

فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ نیب کے اس فیصلے کو معطل کرے کیونکہ نیب عدالت سے سزا ہو جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم کہہ سکتے ہیں سپریم کورٹ کے فیصلے تک نیب عدالتیں حتمی فیصلہ نہ کریں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ نیب فیصلے میں دی گئی ہدایت معطل کرے، نیب ترامیم ہمارا قانون ہے اس لیے دفاع کر رہے ہیں۔

سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 15 ستمبر کو دو ایک کے تناسب سے فیصلہ سنایا تھا۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل تھے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن نے نیب ترامیم کالعدم قرار دیا جبکہ جسٹس منصور علی شاہ نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ تحریر کیا جو گزشتہ روز جاری کیا گیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے نیب ترامیم کو قرار دیا تھا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!