پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلی قسط کیلئے مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے

اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ستر کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات آئندہ ماہ(نومبر)کے پہلے ہفتے شروع ہونگے جس کیلئے آئی ایم ایف کا جائزہ مشن دو نومبر سے پاکستان کا دورہ کریگا اور پہلی سہہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق جائزہ مشن کی قیادت ناتھن پورٹر کریں گے، جائزہ مشن اسٹینڈ بائی معاہدے کے تحت پاکستان کا دورہ کریگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشن کے دورے کے دوران تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجنمنٹ پروگرام کے تحت معاشی جائزہ لیاجائیگاآئی ایم ایف مشن پہلی سہہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لے گا ۔آئی ایم ایف کوجولائی تا ستمبر معاشی کارکردگی پربریفنگ دی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق جائزہ مشن پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہوا تو قرض کی اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش کریگا، جائزہ مشن کی سفارش کی روشنی میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ دسمبر میں 71 کروڑ ڈالر جاری کرنیکی منظوری دے گا۔