کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی،وزیراعظم
Share your love
اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی اس لئے ان کے لئے کوئی معافی نہیں ،چاہے میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے سیمینار کا اہتمام کیا گیا. سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ،یہ وہ شہداءہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،لہو سے اس کی آبیاری کی ، اور ہم شہداءکو کبھی نہیں بھول سکتے ،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں ،86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن وا استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی ،گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا
وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایامگر عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاﺅ گھیراﺅ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شر پسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ،سوچیں ان شہیدوں کے ورثاءاور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی ۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں ،ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو ۔
انہوں نے اس موقع پر شہداءکے لواحقین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل حل ہوں گے انہیں وزیر اعظم سکیم کے تحت آسان قرضے دیں گے اور دیگر سہولیات بھی دی جائیں گی اور جلد ان سے ملاقات بھی کریں گے ۔
اس موقع پر وفاقی وزراءامین الحق اور شیری رحمان نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ،ریاست پر حملہ آور کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتا جن لوگوں نے یہ کیا انہیں کٹہرے میں لایا جانا بہت ضروری ہے۔