Enter your email address below and subscribe to our newsletter

پرتھ ٹیسٹ پہلا روز،آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے

Share your love

پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہو گیا۔ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کے لاٹھی چارج کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لیے ہیں۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے۔

تاہم عثمان خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارنوس لبوشین 16، سٹیو سمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عامر جمال کا شکار بن گئے جبکہ مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔

پاکستان کیخلاف میچ کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے ریکارڈز کو دیکھا جائے تو شاہینوں کا پلڑا کمزور نظر آتا ہے، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی تاہم پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ میچ 1995ء میں مشتاق احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جیتا تھا، مشتاق احمد نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 26 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں سے کینگروز نے 14 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے۔

پانچ سیریز برابر رہیں، پاکستان نے آسٹریلیا میں 13 ٹیسٹ سیریز کھیلیں اور کسی ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی جبکہ قومی ٹیم تین سیریز برابر کر سکی، آسٹریلیا نے 10 سیریز جیتی ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجموعی طور پر 69 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں سے کینگروز نے 34 اور پاکستانی ٹیم نے صرف 15 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 20 میچز بغیر نتیجہ رہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کی سرزمین پر 37 میچز کھیلے اور صرف 4 میں کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ سیریز 2019ء میں کھیلی جس میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!