چانسلر کا انتخاب ، بانی پی ٹی آئی کی شمولیت پر آکسفورڈ یونیورسٹی بھی تذبذب کاشکار ،قانونی رائے طلب کر لی
Share your love
لندن :چانسلر کے انتخاب میں بانی پی ٹی آئی کی شمولیت پر آکسفورڈ یونیورسٹی بھی مشکل میں پڑ گئی۔آکسفورڈ یونیورسٹی رواں ہفتے چانسلر کا انتخاب لڑنے کے لیے اہل امیدواروں کا اعلان کرے گی ۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کو اندازہ نہیں تھا کہ چانسلر کے انتخاب کا سادہ عمل کس قدر پیچیدہ ہو جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چانسلر بننے کے معیار پر اترتے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے یونیورسٹی نے قانونی رائے طلب کر لی ہے۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ لارڈ پیٹن آف بارنس کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد چانسلر بننے کا مقابلہ شروع ہوا ہے، یونیورسٹی پہلی بار چانسلر کا انتخاب آن لائن مقبولیت کے ووٹ کے ذریعے کروائے گی۔
سابق طلبہ کو اْمیدواران کی ترجیح کے لحاظ سے درجہ بندی کی دعوت دی گئی ہے۔
اْمیدواروں میں لارڈ ولیم لیگ، لارڈ لیٹر مینڈلسن، لیڈی ویلش انجولینی اور ڈاکٹر مارگریٹ بھی شامل ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی رواں ہفتے چانسلر کا انتخاب لڑنے کے لیے اہل امیدواروں کا اعلان کرے گی جبکہ انتخابی مراحل مکمل ہونے پر نئے چانسلر کا اعلان رواں سال کے آخر میں کیا جائے گا۔