پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے،اسحاق ڈار نے چین کوآگاہ کردیا
Share your love
اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چینی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز پینگ چنکسو، کو آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ رتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق چائنیز سفارت خانے میں چارج ڈی افیئرز مس پینگ چنکسو نے وزارت خزانہ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کیلئے وزارت خزانہ آمد پر اسحاق ڈار نے چائنیز سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تاریخی دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے چارج ڈی افیئرز کو آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے چارج ڈی افیئرز کو معیشت میں استحکام کے بارے میں بھی آگاہ کیا کہ حکومت کس طرح اس معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور معیشت کو ترقی کی طرف لے جانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے متعدد محاذوں پر پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہا بالخصوص گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کے ساتھ چینی مالیاتی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
پینگ چنکسو نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کے بارے میں جذبات کا اظہار کیااور مشکل معاشی حالات کے باوجود ملک میں معاشی استحکام بحال کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
انہوں نے وزیر خزانہ کو مزید یقین دلایا کہ چینی حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی دونوں فریقوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے لیے دستیاب مختلف وسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ تعاون کو بے مثال سطح تک فروغ دیا جا سکے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے ہمیشہ پاکستان کے ہر قسم کے تعاون پرپینگ چنکسو کا شکریہ ادا کیا۔ چائنیز سفارت خانے کی انچارج ڈی افیئرز نے یقین دہانی کروائی ہے کہ چینی حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔