پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کیلئے سب سے پرکشش اور منافع بخش مقام ہے،سفیر مسعود خان
Share your love
واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کیلئے سب سے پرکشش اور منافع بخش مقام ہے، امریکی سرمایہ پاکستان کے کاروباری ماحول سے استفادہ کریں۔
پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر عامر پپرانی اور ان کی ٹیم کے ساتھ ورچوئل ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان اور خطے کی ایک بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور ون ونڈو حل فراہم کرے گی۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات ہمارے ترجیحی شعبے ہیں تاہم ہم اپنی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کریں گے، ایس آئی ایف سی کا قیام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، خاص طور پر پاک امریکی تاجر برادری جو اپنی مادر وطن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں کو کاروباری مقاصد میں مناسب طریقے سے سہولت فراہم کی جائے۔
عامر پپرانی نے پاکستانی سفیر مسعود خان کو پی سی سی یو ایس اے کی سرگرمیوں خاص طور پر پاکستان بزنس ایکسپو کے بارے میں بتایا جو اکتوبر میں ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہو گی جس میں مختلف شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی جن میں کھیل اور سرجیکل، آئی ٹی، خوبصورتی، صحت، خوراک، مشروبات، تیل، گیس، گھریلو استعمال کی اشیاء، ٹیکسٹائل اور پاکستانی زیورات شامل ہیں۔
پاکستانی سفیر نے نمائش کے انعقاد میں سفارت خانہ اور پاکستانی قونصلیٹ کی طرف سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، ورچوئل ملاقات کے موقع پر ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب احمد چودھری اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اتاشی شائستہ بنیاد بھی موجود تھیں۔