Enter your email address below and subscribe to our newsletter

پاکستان کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعہ کی شدید مذمت

Share your love

اسلام آباد:ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعہ پر پاکستان نے شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دانستہ اسلامو فوبک عمل دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور اشتعال انگیز اور انتہائی جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، دانستہ اسلامو فوبک عمل دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچاتا ہے، پُرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خطرہ ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی جارحانہ کارروائیوں کو اظہار رائے اور احتجاج کی جائز آزادی کے تحت نہیں لایا جا سکتا، بین الاقوامی قانون نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے لیے اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے، آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے۔

عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسل پرستانہ، غیر انسانی اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکیں، اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی منظور کی گئی قرار داد کا مقصد یہی تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کے تحفظات ہالینڈ کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں، دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے، نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کرے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!