پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی مرتبہ ٹی 20 سیریز جیت لی
Share your love
ڈونیڈن:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کردی، نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی مرتبہ ٹی 20 سیریز جیت لی۔قومی کرکٹر عالیہ ریاض نے کہا کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے۔
قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی 20 میں 10 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے۔
پاکستانی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 137 رنز بنائے، منیبہ علی نے 35،عالیہ ریاض نے 32 رنز بنائے، بسمہ معروف نے 21، کپتان ندا ڈار نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب نیوزی لینڈ کی ٹیم 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ہینا روئے نے 33، جارجیا پلمّر نے 28 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 3، سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں، عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ویمنز نے فاطمہ ثناء کی شاندار باوٴلنگ کے نتیجے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 7 وکٹوں سے جیتا تھا جو اس کی نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی تھی۔
قومی کرکٹر عالیہ ریاض نے کہا کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے۔ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، کسی بڑی ٹیم کو ہرانے کا خواب بالآخر پورا ہوگیا، کافی عرصے سے کوشش میں تھے کہ کسی بڑی ٹیم کو ہرائیں۔
عالیہ ریاض نے مزید کہا کہ بیٹنگ کے دوران یہی کوشش تھی کہ جو بھی گیند ملے اسے چوکے اور چھکے میں بدل دوں، جو میرا نمبر ہے اس میں کوشش یہی ہوتی ہے کہ تیزی سے رنز بناوٴں اور ٹیم کیلئے کچھ کر سکوں، کوشش ہوگی کہ سیریز کو تین صفر پر ختم کریں۔